ریاست بھر میں ٹھٹھرادینے والی سردی ‘ شہر بھی لپیٹ میں

   

عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 5.7 اور سیری لنگم پلی میں 8.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا

حیدرآباد 30 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں شدت کی سردی کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئی ۔ شہر کے کئی علاقوں خاص طور پر مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ہوگیا تھا ۔ شہر میں اوسط اقل ترین درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے چار ڈگری کم ہے ۔ سیری لنگم پلی میں سب سے کم 8.3 ڈگری سلسئیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب شہر میں پیر کو درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان بھی ہے ۔ شہر کے بیشتر علاقوںمیں موسم خشک ہی رہے گا اور اعظم ترین درجہ حرارت 30 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ جہاںسیری لنگم پلی میں 8.3 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا وہیں راجندر نگر میں 9.1 اور سکندرآباد میں 10.2 ریکارڈ کیا گیا ۔ حیات نگر میں 10.9 اور چندانگر میں11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح تلنگانہ بھر میں شدت کی سردی جاری ہے ۔ 20 اضلاع میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا ۔ عادل آباد میں سب سے کم 5.7 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب رنگا ریڈی ضلع کے کچھ مقامات پر آئندہ دو دن تک شدت کی سردی برقرار رہ سکتی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب کھمم میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے ۔ آصف آباد میں 6.3 ‘ سنگاریڈی میں 6.4 ‘ رنگا ریڈی میں 6.6 اور نرمل میں6.9 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔