ریاست میں انجینئرنگ نشستوں میں اضافہ یقینی ‘ چیف منسٹر کی رضامندی

   

حیدرآباد/21 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں انجینئرنگ نشستوں میں اضافہ یقینی ہوگیا تاہم اس ضمن میں احکامات کی اجرائی باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے انجینئرنگ کالجس میں نئی نشستوں کیلئے رضا مندی ظاہر کرنے کے بعد راہ ہموار ہوچکی ہے اور عہدیداروں نے فائیل چیف منسٹر کے دفتر روانہ کردی ۔ انجینئرنگ کالجس کیلئے نئی نشستوں میں اضافہ کیلئے اے آئی سی ٹی یو نے اجازت دی تھی جس کے بعد چند کالجوں کی جانب سے موجودہ انجینئرنگ نشستوں کو برخواست کرکے ڈیمانڈ والی زیادہ طلب والے شعبوں کی نشستوں میں اضافہ کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ اس کے علاوہ اے آئی سی ٹی یو کی جانب سے چند کالجوں نے زائد نشستوں کو منظوری حاصل کرلی ہے لیکن ان نشستوں کیلئے حکومت سے کوئی منظوری حاصل نہیں ہوئی جس کے سبب انجینئرنگ کالجس کے انتظامیہ نے عدالت کا رُخ کیا۔ تاہم عدالت نے بھی ان نشستوں کیلئے منظوری دینے کا حکومت کو مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد ریاست میں تقریباً 4 ہزار نشستوں کا اضافہ ہوگا اور ان نشستوں پر داخلہ لینے والے میرٹ طلبہ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے فیس ری ایمبرسمنٹ کی عمل آوری ہوگی۔ جس کے سبب حکومت کو سالانہ 25 کروڑ زائد بوجھ پڑے گا۔ انجینئرنگ کالجس میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلہ کی کونسلنگ مکمل ہوچکی ہے۔ ع