ریاست میں ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے تیاریاں تقریباً مکمل

   

کسی بھی وقت اعلان متوقع، کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی میں سرگرمیاں تیز

حیدرآباد ۔22 ستمبر (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے ریاست میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے کنوینر کوٹہ اور مینجمنٹ کوٹہ نشستوں پر داخلوں کیلئے آئندہ دو یا تین دن میں سرکاری اعلان ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے منظوری حاصل ہونے کے بعد تیاریوں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ جی او 33 کے خلاف 135 طلبہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے۔ مقامی مسئلہ پر رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کا ریاستی حکومت کو ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے، جس کے خلاف ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے پر عارضی طور پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے 135 طلبہ کو کونسلنگ میں شرکت کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد داخلوں کا عمل جلد از جلد شروع کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یکم ؍ اکٹوبر سے ایم بی بی ایس فرسٹ ایئر کلاسیس کا آغاز ہورہا ہے جس کی وجہ سے داخلوں کے عمل کو تیز کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ آل انڈیا کوٹہ نشستوں پر داخلوں کیلئے دو مرحلوں کی کونسلنگ مکمل ہوگئی ہے۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے بشمول دوسری ریاستوں میں پہلے مرحلہ کے داخلوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ گذشتہ سال اسی مدت کے دوران کنوینر اور مینجمنٹ کوٹہ نشستوں پر داخلوں کا عمل تقریباً مکمل ہوگیا تھا۔ کالوجی نارائن ہیلت یونیورسٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ابھی داخلوں کا عمل شروع کرنے پر پہلے مرحلے کے ویب آپشن کیلئے کم از کم 20 دن کا وقت لگے گا۔ ریاست میں 34 سرکاری اور 30 خانگی میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ کے 5798 نشستیں ہیں۔ مینجمنٹ کوٹہ میں 1955 ایم بی بی ایس نشستیں کونسلنگ کیلئے دستیاب ہیں۔ تاحال کنوینر کوٹہ نشستوں کیلئے 17,654 اور مینجمنٹ نشستوں کیلئے 6468 امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کررہا ہے۔ عدالت سے رجوع ہونے والے 135 طلبہ کو داخلوں کے عمل میں شامل کرنے کی سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے، جس کے تناظر میں رجسٹریشن کیلئے کیا دوبارہ مہلت دی جائے گی، اس پر یونیورسٹی کو وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔ رجسٹریشن کے بعد میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ اس کے بعد ویب آپشن کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ دی جانے والی مہلت کی بنیاد پر داخلوں کا انحصار رہے گا۔ نیشنل کوٹہ کے تحت ابھی تک گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 647 نشستوں پر داخلہ دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے نیٹ یو جی امتحان کیلئے 77,849 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی۔ 2