ایم ایل ایز ، ایم پیز ، ایم ایل سیز اپنی ایک ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کو دینے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ و قائد اپوزیشن کے سی آر نے ریاست میں بارش و سیلاب کی تباہی اور بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ متاثرین کی مدد کے لیے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز کونسل کی ایک ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے پارٹی کے اس فیصلے کو سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کھمم کے علاوہ دوسرے اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ جانی نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی ہوا ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے کھمم کے علاوہ دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی سربراہ کے سی آر کو ایک رپورٹ دی ہے جس میں فصلوں کے نقصانات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جس کے بعد کے سی آر نے اس مصیبت کی گھڑی میں عوام کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل اور ارکان راجیہ سبھا کو اپنے ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا مشورہ دیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی بی آر ایس پارٹی اپنی طرف سے راحت کاری کے اقدامات کررہی ہے ۔ یہاں تک کہ سدی پیٹ کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے کونسلرس نے بھی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے ۔۔ 2