ریاست میں محکمہ صحت کی کارکردگی کو بہتر بنانے اقدامات کا آغاز

,

   

خانگی دواخانوں کیخلاف شکایات کا جائزہ لینے کمیٹیوں کی تشکیل، ایٹالہ راجندر کا اقدام
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا وائرس سے نمٹنے اقدامات پر تنقیدوں کے دوران حکومت کی جانب سے خانگی دواخانوں اور سرکاری دواخانوں میں علاج و معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔کہا جا رہاہے کہ حکومت سے جلد ہی علحدہ کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعہ دواخانوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے علاوہ خانگی دواخانوں کے خلاف شکایات کا جائزہ لینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے خانگی و کارپوریٹ دواخانوں کو انتباہ جاری کرنے کے شکایات کا جائزہ لینے کمیٹیوں کی تشکیل کا اعلان کیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی جانب سے حکومت تلنگانہ پر کورونا سے نمٹنے میں ناکامی کے الزام کے فوری بعد تلنگانہ میں محکمہ صحت نے متحرک ہوتے ہوئے ریاست میں محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ عوام کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ معائنوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ضلعی سطح پر کورونا سے نمٹنے ضروری اقدامات کو یقینی بنانے جو کچھ ممکن ہو کریں ۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ تمام ضلع کلکٹرس سے ضلع کی صورتحال سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد تفصیلی رپورٹ تیار کریں تاکہ ضلعی سطح پر کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے کی حکمت عملی تیار کی جاسکے اور کوشش کی جائے کہ کورونا مریضوں کو دوسروں کے رابطہ میں نہ آنے دیا جائے۔ شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں جس وقت اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا اس وقت اضلاع کی صورتحال بہتر تھی لیکن اب بتدریج اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے جو تشویشناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ضلع دواخانوں کے علاوہ اضلاع کے خانگی دواخانوں میں کورونا مریضوں کے علاج کی سہولت فراہم کرنے اور اضلاع میں بھی معائنوں کی تعداد میں اضافہ کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔