ریاست کیلئے آنے والے دن صبر آزما

   

کورونا سے مزید احتیاط کی ضرورت، رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کا حلقہ میں دورہ
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) ایل بی نگر کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ آنے والے چند دنوں میں زیادہ چوکس رہیں کیونکہ ان دنوں میں وائرس کے پھیلنے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے آج ایل بی نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دن مزید چوکسی اور امتحان کے رہیں گے ہمیں موجودہ احتیاطی تدابیر میں مزید سختی پیدا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی صحت وصفائی کے علاوہ اپنے اطراف کا ماحول بھی صاف رکھنے سے وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے گھروں تک محدود رہنا ہوگا اور انتہائی ضروری کام کی صورت میں ہی وہ باہر نکلیں۔ ہر گھر سے صرف ایک شخص باہر نکل کر ضروریات زندگی کا سامان حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی مارکٹ میں ہجوم سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سبزیوں کو عوام تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سدھیر ریڈی نے مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ تحدیدات پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا اور کہا کہ صرف احتیاط کے ذریعہ ہی کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔