ریاست کے آبپاشی پراجیکٹس پر نظر رکھنے کے سی ار کی ہدایت

   

چیف منسٹر نے بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ سخت چوکسی اختیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد /22 جولائی ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں بارش کی صورتحال پر پرگتی بھون میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا ۔ آئندہ دو دن تک خصوصی چوکسی اختیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے چار اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ 5 اضلاع کیلئے آرینج الرٹ مزید 18 اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ آبپاشی کے علاوہ دسرے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ پراجکٹ میں پانی کی سطح پر گہری نظر رکھیں ۔ نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت دی ۔ محکمہ موسمیات نے اضلاع محبوب آباد ، جنگاؤں ، سوریہ پیٹ ، یادادری کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ۔ اضلاع کھمم ، ورنگل ، نلگنڈہ ، رنگاریڈی ، میڑچل کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 18 اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ۔ ریاست بھر میں صبح سے ہونے والی بارش سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ کئی مقامات پر برقی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ ریاست میں سب سے زیادہ ضلع محبوب آباد کے دانتالہ پلی منڈل میں 20.3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ ضلع جنگاؤں کے دیورا پیپول منڈل میں 18 سنٹی میٹر ضلع محبوب آباد کے تلی کدور منڈل میں 14.8 سنٹی میٹر ضلع محبوب آباد کو منڈل کمولاونچا میں 14.3 سنٹی میٹر ضلع محبوب نگر کے منڈل پرانا گارم میں 14 سنٹی میٹر ضلع سوریہ پیٹ کے ماکنداپورم منڈل میں 13.6 تورور منڈل میں 12.5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مختلف اضلاع اور منڈل ہیڈ کوارٹرس پر موجود رہیں اور عوام کو مسائل سے بچانے تمام ضروری اقدامات کریں ۔بالخصوص محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی کے عہدیدار اور عملہ ڈیوٹی پر موجود رہیں ۔ن