نلگنڈہ کے دو گروکل اسکولس میں 44 طلبا کے متاثر ہونے کا انکشاف
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) ریاست کے اقامتی اسکولو ںمیں کورونا متاثرین کی دوبارہ نشاندہی ہونے لگی ہے اور کورونا متاثرہ طلبہ کو انتظامیہ کی جانب سے گھریلو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نارکٹ پلی نلگنڈہ کے دو گروکل اسکولوں میں زیر تعلیم 44 طلبہ کو کورونا کی توثیق کے بعد دونوں اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو گھریلو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ کے دیگر گروکل اور اقامتی اسکولوں میں طلبہ کی صحت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ نلگنڈہ کے اسکولوں میں طلبہ کے کورونا متاثر ہونے کے بعدڈاکٹرس نے معائنہ کرکے کہا کہ ان طلبہ میں معمولی علامات ہیں اور ان طلبہ کو گھریلو قرنطینہ کے علاوہ روایتی ادویات کے ذریعہ علاج و معالجہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر کونڈل راؤ نے بتایا کہ طلبہ کو کورونا وائرس کا معائنہ کے بعد توثیق ہوئی کہ یہ کورونا سے متاثر ہیں اور ان کا علاج کیا جائیگا۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق دونوں اسکولوں میں تمام طلبہ کا کورونا معائنہ کرنے کے بجائے جن طلبہ میں علامات پائی جا رہی ہیں ان کا معائنہ کیاجائے گا تاکہ طلبہ ‘ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں خوف و ہراس نہ پھیلے اور جو طلبہ اقامتی اسکولوں میں مقیم رہ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کی تعلیم پر منفی اثر نہ پڑے۔م