تلنگانہ یونیورسٹی میں 20 طلبا متاثر پائے گئے ۔ قرنطینہ کردیا گیا ۔ ہر ممکن احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) تعلیمی اداروں میں کورونا کی دہشت میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے اور کورونا کا شکار افراد کو قرنطینہ کرنے کا عمل شرو ع کردیا گیا جس کی وجہ سے سرپرستوں و اولیائے طلبہ میں تشویش پیدا ہونے لگی ہے۔ تلنگانہ میں گذشتہ دنوں اقامتی اسکولوں میں کورونا کا شکار طلبہ کی نشاندہی کے بعد اب تلنگانہ یونیورسٹی میں 20 طلبہ کورونا متاثر پائے گئے جبکہ ضلع ورنگل کے تورورموضع میں واقع کستورباگاندھی اقامتی اسکول میں 7لڑکیاں کورونا سے متاثر پائی گئی ہیں۔اسی طرح یادادری میں رمنا پیٹ ایس سی بوائز اقامتی اسکول میں کورونا کے شکار 3طلباء پائے گئے ۔ تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے علامات کا شکار افراد کے معائنوں کی تاکید کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرس علامات کا شکار مریضوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ فوری کورونا کا معائنہ کروائیں تاکہ مرض کو شدت اختیار کرنے سے روکنے علاج کا آغازکیا جاسکے۔ تلنگانہ یونیورسٹی میں 20 کورونا مریضوں کے متعلق حکام نے بتایا کہ انہیں نظام آباد ہاسپٹل میں قرنطینہ کیا گیا اور ان کی صحت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق گذشتہ یوم 3طلبہ کو کورونا کی توثیق کے بعد آج 120 طلبہ کے معائنہ کئے گئے جن میں مزید 17 طلبہ کو کورونا کی توثیق ہوئی ۔تلنگانہ یونیورسٹی طلبا کو کورونا کی توثیق کے بعد محکمہ صحت سے تعلیمی ادارہ جات بالخصوص جن اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ان کے تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر کے علاوہ طلبہ کی صحت پر خصوصی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کے حکام نے محکمہ بہبود کے حکام سے رابطہ کرکے مختلف طبقات کے اقامتی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر اور طلبہ و اساتذہ کی صحت کی نگرانی کا مشورہ دیا ہے۔ تلنگانہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے کورونا معائنوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔م