ریاست کے تمام خاندانوں کو ڈیجیٹل کارڈز کی اجرائی

   

وزیر مال کی وضاحت ، کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے فیملی ڈیجیٹل کارڈس کی تمام خاندانوں کو اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اس میں امیر اور غریب کے درمیان کوئی تفریق نہیں ہوگی۔ ریاستی وزیر مال و اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹرپی سرینواس ریڈی نے آج ضلع کلکٹرس کے ہمراہ منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو ہدایات دی گئی ہیں ان کے مطابق ابتدائی تجرباتی طور پر کئے جانے والے سروے رپورٹ کی بنیاد پر ریاست بھر میں جامع سروے کرتے ہوئے تلنگانہ کے شہریوں کو فیملی ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری کے ذریعہ ہر خاندان کو فیملی ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کے ذریعہ انہیں راشن اور ہیلت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی اسکیم کے استفادہ کنندگان جو طویل عرصہ سے منتظر ہیں انہیں دسہرہ تہوار سے قبل فلیٹس کی حوالگی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ان کے ہمراہ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ سانتھی کماری کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایات کے بعد عہدیداروں نے ملک کی دیگر ریاستو ںمیں جہاں اس طرح کے کارڈس شہریوں کو جاری کئے گئے ہیں ان کا دورہ کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ پیش کی ہے اس کے بعد ہی ریاستی حکومت نے تجرباتی اساس پر 119 حلقہ جات اسمبلی میں 238 علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فیلڈ سروے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ان کارڈس کی اجرائی کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی کی جانب سے راشن کارڈس اور ہیلت کارڈس کی اجرائی کے متعلق رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد ہی کابینہ نے اس کی منظوری دی ہے۔3