ظلم کا شکار خاتون اور بچوں کو دوستانہ ماحول میں پولیس کی جانب سے رہنمائی: کمشنر پولیس
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) ظلم کا شکار خواتین اور بچوں کو دوستانہ ماحول میں انصاف دلانے اور ان کی قانونی مدد کے ساتھ انہیں سہارا دینا بھروسہ سنٹر کے قیام کا اصل مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں نئے بھروسہ سنٹر کا افتتاح کیا جو سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کا تیسرا بھروسہ سنٹر ہے۔ کارپوریٹ رسپانسبلٹی کے تحت خانگی ادارے کے تعاون سے اس بھروسہ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار سواتی، کمشنر پولیس اسٹیفن رویندرا اور میڈچل ضلع کلکٹر ہریش کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع اور پولیس کمشنریٹ میں بھروسہ سنٹر کے قیام کے منصوبہ کے تحت اقدامات جاری ہیں۔ تاحال گیارہ سنٹر کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھروسہ سنٹرس کے لئے ہونہار پولیس آفیسرس کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں تربیت دی جاتی ہے۔ مقدمات کی یکسوئی اور متاثرین کے ساتھ اپنائے جانے والے رویہ کے تعلق سے انہیں تیار کیا جاتا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ ظلم و جبر کا شکار خواتین اور بچوں کو جو ذہنی طور پر بہت زیادہ متاثر اور خوف کا شکار ہوتے ہیں انہیں اس بات کا بھروسہ دیا جاتا ہے کہ پولیس ان کے ساتھ ہے۔ دوستانہ ماحول میں دوست اور ہمدرد بن کر ان کی مدد اور رہنمائی کی جاتی ہے۔ ایسے واقعات میں جہاں عدالت میں ان کا بیان ضروری ہوتا ہے۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ان متاثرین کا بیان بھی دے دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ضروری طبی معائنے اور جانچ کی سہولیات بھی بھروسہ سنٹرس میں فراہم کی گئی ہے۔ ضلعی سطح پر ضلع کے اعلیٰ عہدیدار ریاستی سطح پر ویمن سیفٹی وینگ ان سنٹرس کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ریاست بھر میں بھروسہ سنٹرس کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سائبر آباد پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ع