تہران: ایران کے نائب صدر محمد عارف نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی بالکل ضروری ہے۔ ریاض میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہائیوں میں غزہ میں بدترین دشمنانہ کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ایرانی نائب صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ اور لبنان میں جنگ کے خاتمے کیلئے ٹھوس موقف اختیار کرے۔غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس پیر کے روز سے سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ہے۔ اس میں 50 عرب اور اسلامی ممالک شریک ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی تقریر کے ذریعے سربراہی اجلاس کا آغاز کیا۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے تمام حاضرین کا خیر مقدم کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سربراہی اجلاس فلسطینیوں پر مسلسل اسرائیلی حملوں کی روشنی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔