ریتک روشن کی فلم ’’فائٹر‘‘ پرخلیجی ممالک میں پابندی

   

ممبئی۔ ریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی آنے والی ایکشن فلم ’’فائٹر‘‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق ایک ملک جہاں فلم مشرق وسطیٰ میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی وہ متحدہ عرب امارات ہے۔ فلم بزنس کے ماہرگریش جوہر کے مطابق فلم کو خلیجی ممالک میں ریلیز کرنے سے انکار کردیا گیا ہے جس میں متحدہ عرب امارات واحد ملک ہے جہاں فلم ریلیزہوگی۔ جوہر نے تصدیق کی کہ فائٹر پی جی 15 کی درجہ بندی کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ریلیز ہوگی۔ پابندی کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ پابندی کے حوالے سے ابھی تک فلم بنانے والوں کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے، جنہوں نے متحدہ عرب امارات سمیت فلم کو 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ فلم فائٹر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کرنے والی پہلی فلم نہیں ہے۔ اس سے قبل، مموٹی اسٹارر کاتھل ۔ دی کور، تھلاپتی وجے اسٹارر بیسٹ، سیتا رام، تامل فلم ایف آئی آر اور موہن لال اسٹارر مونسٹر پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ خلیجی ممالک مختلف وجوہات کی بنا پر فلموں کی ریلیز سے انکار کرتے ہیں، جن میں سے کچھ میں اسلام پسند کرداروں کو انتہا پسندوں کے طور پر پیش کرنا شامل ہے۔فائٹر جمعرات (25 جنوری) کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔