ریجنل رنگ روڈ کے شمالی حصہ کی تعمیرات پر 7512 کروڑ روپئے کے مصارف

   

حصول اراضیات کے لیے 3 ہزار کروڑ کا تخمینہ ، تلنگانہ کو مرکز کی اطلاع ، سنکرانت تک اسپیشل اتھاریٹی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ میں ریجنل رنگ روڈ کی شمالی حصہ کی تعمیر پر 7512 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا ہے ۔ حصول اراضیات کے لیے 3 ہزار کروڑ سڑکوں کی تعمیرات پر 4,512 کروڑ روپئے خرچ ہونے کے تعلق سے تلنگانہ حکومت کو واقف کرایا ہے ۔ مرکزی حکومت نے حصول اراضی کے لیے تیاریوں کا عمل شروع کرنے کا پہلے ہی تلنگانہ حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ 158 کلومیٹر تک نیشنل ہائی وے ، 166 اے اے (سنگاریڈی ، نرسا پور ، توپران ، گجویل ، یدادری ، بھونگیر ، چوٹ اپل ) پر 6 لائن سڑکوں کی تعمیر کے لیے حصول اراضی کا بہت جلد آغاز کیا جائے گا ۔ پہلے چار لائن پر سڑک تعمیر کی جائے گی ۔ مستقبل میں مزید دو لائن سڑک تعمیر کی جائے گی ۔ اس کے لیے تقریبا 4 ہزار ایکڑ حصول اراضی کی ضرورت ہے ۔ جس میں 3600 ایکڑ اراضی پر سڑکیں تعمیر کی جائے گی ۔ 400 ایکڑ اراضیات پر جنکشنس کو توسیع دی جائے گی ۔ حصول اراضیات کے امور کی نگرانی کے لیے خصوصی اتھاریٹی تشکیل دینے کے لیے ریاستی محکمہ مال نے دستاویزات تیار کررہی ہے ۔ اتھاریٹی کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے پر حصول اراضیات کے لیے اراضیات کی مارکنگ کی جائے گی ۔ اس کے بعد حصول اراضیات کے لیے مالکین کو نوٹسیں جاری کی جائیں گی ۔ ریاستی حکومت نے 12 تا 18 ماہ کے درمیان حصول اراضیات کا کام مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ اس دوران سڑکوں کی تعمیرات کے لیے کنٹراکٹرس کا انتخاب کرنے کیلئے ٹنڈرس طلب کیا جائے گا ۔ جنوبی حصہ کا روٹ میاپ تیار کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے مرکز کو روانہ کیا ہے ۔ اس سڑک کو نیشنل ہائی وے کا درجہ دینا باقی ہے ۔ اس کے بعد قطعی الاٹمنٹ کا مرکزی حکومت جائزہ لیتے ہوئے حصول اراضی کیلئے منظوری دے گی ۔۔ ن