ریسٹورینٹس میں کشور کمار کے گانے گا کر گزر بسر کرتا تھا: کمار سانو

   

ممبئی: فلم انڈسٹری میں 26 زبانوں میں 21 ہزار گیت گانے والے کیدار ناتھ بھٹا چاریہ کو کمار سانو بننے کے سفر میں سخت محنت اور کڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کمار سانو کا فلم انڈسٹری پر راج 4 دہائیوں سے جاری ہے۔ ایک دن میں 28 گانے گا کر عالمی ریکارڈ بنانے سے لیکر گھر میں ایوارڈز سے بھرا پڑا پورا ایک کمرہ رکھنے والے اس گلوکار کا سفر کبھی اتنا آسان نہ تھا۔ میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کمار سانو نے اپنے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کشور کمار کے بہت بڑے مداح تھے اور ان کے گانے ریسٹورینٹس اور بار میں گاکر گزر بسر کیا کرتے تھے۔ عاشقی، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، سڑک، کچھ کچھ ہوتا ہے اور بازیگر جیسی کامیاب فلموں کے گیت گانے والے کمار سانو نے بتایا کہ مجھ پر زندگی میں کچھ بڑا کرنے کی دھن سوار تھی اور اسی نے مجھے حوصلہ اور ہمت دی۔