پارلیمنٹ میں بی آر ایس رکن ناگیشور راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں بی آر ایس کے فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے وزیر ریلویز سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کیلئے رعایتی ریلوے پاس کا احیاء عمل میں لائیں تاکہ صحافیوں کو سہولت ہو۔ لوک سبھا میں اس مسئلہ پر وزیر ریلوے کی توجہ مبذول کرتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ صحافیوں کو رعایتی ریلوے پاسیس کی اجرائی بحال کی جائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت سے تفصیلی جواب کا مطالبہ کیا۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ مرکز کو صحافیوں کے رعایتی پاسیس کے بارے میں اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر رعایتی پاس کی اجرائی ختم کردی گئی ہے تو اس کی وجوہات بیان کی جائے۔ مرکزی وزیر اطلاعات اشونی وشنو نے بتایا کہ سماج کے مختلف طبقات کے لئے 2019-20 ء میں ٹرین میں رعایت کی سبسیڈی کے طور پر 59837 جاری کئے گئے ۔ انہوں نے صحافیوں کے رعایتی پاس کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی جس پر ناما ناگیشور راؤ نے ناراضگی جتائی ۔