راہگیروں کے لیے خطرہ جان، راجندر نگر میں واقعہ سے عوام پریشان
حیدرآباد۔ 16 اکتوبر (سیاست نیوز) راجندر نگر کے علاقہ ڈیری فارم کے قریب نوجوان بائیک پر کرتب کرتے ہوئے راہگیروں کے لئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ریل بنانے کے چکر میں خود کی اور دوسروں کی جان کو بھی خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ آرام گھر تا مہدی پٹنم جانے والی سڑک جو ہمیشہ مصروف رہتی ہے وہاں نوجوان بائیک پر کرتب بازی کرتے ہوئے گاڑیوں سے چنگاری بھی نکال رہے ہیں۔ نوجوانوں کی ان حرکتوں سے مقامی عوام کافی پریشان ہیں۔ پولیس میں بھی شکایت کی گئی ہے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بائیک اسٹنٹ کرنے والوں کو ایسا سبق سکھائیں تاکہ وہ آئندہ ایسی حرکتیں نہ کرسکیں۔ یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے پھیل رہے ہیں اس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی ابھی تک نہیں کی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ ان ویڈیوز کا مشاہدہ کرنے کے بعد پولیس سخت کارروائی کرے گی۔ سڑک حادثات میں کمی کے اقدامات کرتے ہوئے ٹریفک سگنل لگائے گئے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور ضروری ہدایات بھی جاری کئے جارہے ہیں لیکن نوجوان ان سب کو نظرانداز کرتے ہوئے اسٹنٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک کا سنگین مسئلہ ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کو ضروری اور سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ماں باپ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر خاص توجہ دیں۔ بائیک دینے سے قبل انہیں ضروری ہدایات دیں۔ بچوں کی کونسلنگ بے حد ضروری ہوگئی ہے۔ ش