سی ایل پی آفس میں تنہائی میں بات چیت ، اختلافات کی یکسوئی کی امید
حیدرآباد11 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ان پر تنقید کرنے والے کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کے درمیان آج انتہائی گرمجوشی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ دونوں قائدین نے خیر سگالی کا مظاہرہ کرکے اختلافات کی یکسوئی کا اشارہ دیا۔ اسمبلی میں واقع سی ایل پی دفتر میں ریونت ریڈی پارٹی ارکان اسمبلی سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ ریونت ریڈی کو دیکھتے ہی جگا ریڈی نے گرمجوشی سے ملاقات کی اور مصافحہ کے بعد بغلگیر ہوئے۔ دونوں قائدین نے تصویر کھچوائی اور ایک ساتھ بیٹھ کر کچھ دیر تک بات چیت کی ۔ ریونت ریڈی کی سی ایل پی آمد کی اطلاع ملتے ہی میڈیا کے نمائندے پہنچ گئے اور دونوں کو خوشبوار موڈ میں دیکھ کر حیرت زدہ رہے۔ دونوں قائدین نے 20 منٹ تک تنہائی میں بات چیت کی جس کے بعد جگا ریڈی نے کہا کہ بات چیت کی تفصیلات سے وہ میڈیا کو واقف نہیں کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں اور صدر پردیش کانگریس سے پارٹی امور پر بات چیت رہی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک عرصہ سے جگا ریڈی پارٹی امور میں نظر انداز کرنے کا ریونت ریڈی پر الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ کا ارادہ ظاہر کیا تھا ، تاہم سینئر قائدین کی مداخلت کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ حال ہی میں ریونت ریڈی کے دورہ میدک کے موقع پر انہیں اطلاع نہ دینے سے ناراض ہوکر جگا ریڈی نے سی ایل پی اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا ۔ پارٹی قائدین کو امید ہے کہ آج کی ملاقات کے بعد جگا ریڈی اور ریونت ریڈی میں دوریاں ختم ہوجائیں گی۔ ر
پانچ ریاستوںکے اسمبلی نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں : ریونت ریڈی
ریاست میں کانگریس کو اقتدار یقینی
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثرنہیں پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ عوام کے فیصلہ کا احترام کیا ہے اور عوام کی خدمت کیلئے وہ ہمیشہ تیار رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کانگریس کو بھلے ہی شکست ہوئی لیکن بی جے پی کامیاب نہ ہوسکی۔ سابق میں کرناٹک میں کانگریس کامیاب ہوچکی ہے اور اس وقت تلنگانہ میں شکست ہوئی تھی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان شکست کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فائدہ کیلئے کے سی آر نے تقررات کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے اعلان کے باوجود ابھی تک ایک بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈسمبر تک 80,000 جائیدادوں پر تقررات کیلئے باقاعدہ شیڈول جاری کرے۔ر