ریونت ریڈی حکومت کے 100 دن مکمل ، پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز

,

   

ملکارجن کھرگے کی مبارکباد ‘کانگریس میں جشن ، راج بھون سے خوشگوار روابط،پرانے شہر میں میٹرو کا سنگ بنیاد، سرکاری محکمہ جات اور اسکولوں میں تقررات کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کی تشکیل کے 10 سال بعد پہلی مرتبہ برسر اقتدار آنے والی ریونت ریڈی زیر قیادت کانگریس حکومت کے آج 100 دن مکمل ہوگئے ۔ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس کو 64 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور حلیف سی پی آئی کو ایک نشست حاصل ہوئی۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ ریاست کے پہلے کانگریسی چیف منسٹر کے عہدہ کا 7 ڈسمبر کو حلف لیا تھا اور ان کے ہمراہ 11 وزراء کو بھی حلف دلایا گیا ۔ حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر کانگریس حلقوں میں جشن کا ماحول ہے اور مختلف گوشوں سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی جار ہی ہے ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے 100 دن کی تکمیل پر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ برقرار رکھے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی ریاستوں کے کانگریس قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ 100 دن کی تکمیل پر ریاستی وزراء اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ حکومت نے 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا اور تاحال 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ریونت ریڈی کے انداز کارکردگی سے عوام میں حکومت کا وقار بلند ہوا ہے جس کے نتیجہ میں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو بہتر نتائج کی امید ہے۔ 100 دن میں ریونت ریڈی نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری پر خصوصی توجہ مرکوز کی ۔ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالتے ہی دو دن میں مہا لکشمی اسکیم کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ ریاست بھرمیں تاحال 23 کروڑ سے زائد خواتین نے مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا ہے ۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو پانچ لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ روپئے کیا گیا۔ غریب اور مستحق خاندانوں کو پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں فراہم کرنے کی اسکیم کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اسکیم کے تحت صارفین کو گیس سلینڈر کی مکمل رقم ادا کرنی ہوگی جبکہ حکومت 500 روپئے کے بعد کی مکمل اضافی رقم سبسیڈی کے طور پر بینک اکاونٹ میں جمع کرائے گی۔ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت غریب خاندانوںکو ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ حکومت نے اندرماں ہاؤزنگ کے تحت 4.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے ۔ اسکیم کے تحت اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے مختلف مراحل میں 5 لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں ایسے غریب خاندانوں کی مدد کی جائے گی جو اراضی سے محروم ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت نے 100 دنوں میں تاحال 29384 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ مختلف محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے گروپ I ، II اور III کا اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ صنعتی ترقی کیلئے میگھا ماسٹر پلان 2050 کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ اور اس کے تحت میڈی گڈا اور انارم بیاریجس کی ناقص تعمیرات کی عدالتی تحقیقات کا اعلان کیا۔ آؤٹر رنگ روڈ ٹول ٹنڈرس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاست میں سابق بی آر ایس کے دوران بھیڑ بکریوں کی تقسیم میں بے قاعدگیوں کے علاوہ مشن بھگیرتا کے کاموں کی جانچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے پرانے شہر کے عوام کی طویل عرصہ سے میٹرو ٹرین کے مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے فلک نما میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ ٹرین مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے براہ دارالشفاء پرانی حویلی ، کوٹلہ عالیجاہ ، مغل پورہ ، شاہ علی بنڈہ ، علی آباد اور شمشیر گنج سے فلک نما پہنچے گی۔ ریونت ریڈی نے آئندہ 5 برسوں میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کو انٹرنیشنل ایرپورٹ تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر چیف منسٹر آفس نے اہم کارناموں کی تفصیلات جاری کی ہیں جن میں میگا ڈی ایس سی اور ٹیچرس اہلیتی امتحانات (TET) کے اعلامیہ کی اجرائی شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت کے پرگتی بھون کو جیوتی با پھولے پرجا بھون میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ کو ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے کیمپ آفس میں تبدیل کیا گیا اور دیگر عمارتیں سرکاری دفاتر کے طورپر استعمال کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد تا راما گنڈم راجیو ہائی وے اور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ حکومت نے 2700 کروڑ کے مصارف سے تمام سرکاری آئی ٹی آئی میں اڈوانس ٹکنالوجی سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے 100 دن میں ورلڈ اکنامک فورم کے ڈاؤس میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی جہاں تلنگانہ میں 40232 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ لندن کا دورہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں موسیٰ ندی کی ترقی کے پراجکٹ کا جائزہ لیا ۔ کانگریس حکومت کے 100 دن کسی بھی تنازعہ سے پاک رہے اور اسمبلی میں عبوری بجٹ پیش کیا گیا ۔ ریونت ریڈی حکومت نے راج بھون سے تعلقات کو استوار رکھا اور گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن نے اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی اہم پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے ممکنہ فنڈس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 1