راہول گاندھی سے اظہار یگانگت ، انڈیا الائنس کی حلیف پارٹیوں کے قائدین سے ملاقات کا امکان
حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج نئی دہلی پہنچ گئے۔ ملک بھر میں SIR مہم کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر ناموں کو حذف کرنے کے خلاف کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کے احتجاج میں شرکت کے دوران ریونت ریڈی کی اچانک دہلی روانگی اہمیت کی حامل ہے۔ راہول گاندھی نے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کل الیکشن کمیشن کے آفس تک مارچ کی کوشش کی جس پر انہیں پارٹی قائدین کے ساتھ حراست میں لے لیا گیا تھا۔ راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی ، کے سی وینو گوپال اور دیگر قائدین کی حراست اور رہائی کے پس منظر میں انڈیا الائنس نے دارالحکومت دہلی میں احتجاج میں شدت کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس قائدین سے اظہار یگانگت کے علاوہ احتجاجی لائحہ عمل کی تیاری میں مشاورت کیلئے ریونت ریڈی نئی دہلی پہنچے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو دہلی میں موجود رہنے کی ہدایت دی تاکہ الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کو جاری رکھا جاسکے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی اور کے سی وینوگوپال کے علاوہ انڈیا الائنس میں شامل دیگر پارٹیوں کے قومی قائدین سے ریونت ریڈی ملاقات کریں گے ۔ چیف منسٹر کا یہ دورہ الیکشن کمیشن کے خلاف کانگریس کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیلئے ہے اور اس دورہ میں ریاست سے متعلق امور پر بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے SIR کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے ہائی کمان کو بعض تجاویز پیش کی ہیں۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ 1/k
ریونت ریڈی کو راہول گاندھی سے ملاقات سے روک دیاگیا
حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) نئی دہلی میں پولیس نے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کو اس وقت روک دیا جب وہ بارہ کھمبا پولیس اسٹیشن میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی ملاقات کیلئے جارہے تھے۔ چیف منسٹر جو نئی دہلی میں ہیں ، راہول گاندھی کی گرفتاری کے بعد اظہار یگانگت کیلئے بارہ کھمبا پولیس اسٹیشن پہنچنا چاہتے تھے۔ پولیس نے انہیں پولیس اسٹیشن سے پہلے ہی روک دیا اور ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی گزشتہ دو دنوں سے ووٹ چوری کے خلاف اور گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔ کانگریس کارکنوں نے پولیس سے بحث و تکرار کی اور ریونت ریڈی کو جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔1/k