حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے آج پارلیمنٹ پہنچ کر اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور ملکاجگیری لوک سبھا نشست سے استعفی پیش کردیا۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی کل تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے رہے ہیں۔ وہ کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے جبکہ کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ بی جے پی کے بعد دوسرے نمبر پر رہے، سابق چیف منسٹر کے سی آر تیسرے مقام پر تھے۔ اسمبلی کیلئے انتخاب کے بعد ریونت ریڈی نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ اتم کمار ریڈی نے بھی نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے اپنا استعفی پیش کردیا ہے وہ حضور نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔ ایک اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی جو بھونگیر لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں وہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے وہ بھی اپنا استعفی جلد پیش کردیں گے۔ لوک سبھا انتخابات کیلئے محض چار ماہ باقی ہیں ایسے میں لوک سبھا حلقہ کیلئے ضمنی چناؤ کے امکانات موہوم ہیں۔