شہر اور اضلاع سے عوام کی شرکت، مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے آج قدیم پرگتی بھون اور تبدیل شدہ جیوتی با پھولے بھون میں پرجا دربار منعقد کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا تھا کہ ہر جمعہ کو پرجا بھون میں عوامی مسائل کی سماعت پر مشتمل پرجا دربار منعقد کریں گے تاکہ عہدیداروں کی موجودگی میں مسائل کی بروقت یکسوئی ہوسکے۔ پرجا دربار کے پہلے دن ریونت ریڈی سے ملاقات کیلئے عوام کا کافی ہجوم دیکھا گیا جن میں ضعیف مرد و خواتین اور معذورین بھی شامل تھے۔ چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ کو ریونت ریڈی نے ابھی اختیار نہیں کیا ہے بلکہ عوامی مسائل کی سماعت کیلئے آج پہلی مرتبہ قدیم پرگتی بھون پہنچے۔ پرگتی بھون کے سامنے کی تمام تحدیدات ختم کردی گئی جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات سے متعلق شکایات وصول کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی اور ڈی انوسویا سیتکا بھی موجود تھیں۔ موصول ہونے والی شکایات کو کمپیوٹرائز ریکارڈ کیا جارہا ہے اور ان کی یکسوئی کے بعد ریکارڈ آن لائین کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے فرداً فرداً عوام سے ملاقات کی اور ان کی سکریٹریٹ روانگی کے بعد سیتکا نے مسائل کی سماعت کی ۔ پرجا دربار میں چیف منسٹر کے اسپیشل چیف سکریٹری شیشادری ، ڈی جی پی روی گپتا ، مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس دانا کشور ، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس ، کلکٹر حیدرآباد انودیپ ، مشرف فاروقی آئی اے ایس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ شکایات کے رجسٹریشن کیلئے 15 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ۔ درخواستوں کو آن لائین رجسٹرڈ کرتے ہوئے یونک آئی ڈی نمبر دیا جائے گا ۔ درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس میسج کے علاوہ پرنٹیڈ اکنالجمنٹ دیا جائے گا ۔