ریونت ریڈی کی پدیاترا میں عوام کا غیرمعمولی جوش و خروش

   

جگہ جگہ استقبال، آر ٹی سی ورکرس اور طلبہ سے ملاقات، کانگریس کی تائید کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے تیسرے دن آج کئی علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی گئی۔ ریونت ریڈی نے صبح میں پینوگونڈہ علاقہ سے اپنی پدیاترا کا آغاز کیا جس میں رکن اسمبلی سیتکا کے علاوہ مقامی قائدین اور پارٹی کے سینکڑوں کارکن شریک تھے۔ یاترا کے دوران تقریباً نصف کیلو میٹر تک موٹرکاروں کا قافلہ ریونت ریڈی کے ساتھ چل رہا تھا۔ سڑک کے دونوں جانب عوام استقبال کررہے تھے اور ریونت ریڈی سے ملاقات کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔ ریونت ریڈی نے سڑک پر کاروبار چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والی خواتین سے ملاقات اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ خواتین نے کانگریس کی تائید کا یقین دلایا اور کہا کہ کے سی آر حکومت خواتین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی سے کمری طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی۔ گولہ پلی گاؤں میں ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے راستہ میں آر ٹی سی بس کے ڈرائیور سے ملاقات کی اور آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے بس میں موجود مسافرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے پر بنیادی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے محبوب آباد راستہ میں اسکول بس میں طلبہ سے ملاقات کی۔ محبوب آباد ٹاون میں داخلے پر ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا اور محبوب آباد ڈپو کے آر ٹی سی ورکرس نے اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ شام میں محبوب آباد کارنر میٹنگ سے ریونت ریڈی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور ریاست میں فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس حکومتوں کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے ریاست بھر میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ر