زائرہ نے ٹویٹر اور انسٹاگرام اکائونٹس روک دئیے

,

   

سری نگر، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ریگستانی ٹڈیوں کے فصلوں اور باغوں پر حملوں کو ایک قرآنی آیت کی وساطت سے جواز بخشنے پر سابق بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم کو سوشل میڈیا پر زبردست تنقید کا نشانہ بننے کی وجہ سے اپنے ذاتی ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے ہیں۔بتادیں کہ موصوفہ نے چند روز قبل اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر قرآن کی ایک آیت شئیر کی تھی جس کا سہارا لیکر وہ بظاہر یہ کہنا چاہتی تھیں کہ گمراہوں پر ٹڈیوں کے جھنڈ کا حملہ آور ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عذاب ہے ۔زائرہ وسیم کی یہ سوشل میڈیا پوسٹ نہ صرف گرم بحث و مباحثے کا موضوع بن گئی تھی بلکہ اس پر مذمتی اور تنقیدی تحریوں کا اس قدر تیز سیلاب امڈ آیا کہ انہیں اپنے ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے ۔اگرچہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے حمایتی تحریروں سے موصوف اداکارہ کی حمایت کی لیکن تنقید کرنے والوں کی تعداد زیادہ تھی۔ زائرہ وسیم کے ٹویٹر پر قریب پونے دو لاکھ صارفین فالو کرتے تھے جبکہ وہ خود صرف 78 صارفین کو ہی فالو کرتی تھیں۔ ان کے انسٹاگرام پر قریب آٹھ لاکھ فالورس تھے جبکہ وہ خود کسی کو بھی فالو نہیں کرتی تھیں۔تاہم زائرہ وسیم نے اپنے فیس بک پیج، جس پر ان کے زائد از دو لاکھ 80 ہزار فالورس ہیں، کو یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک غیر متحرک نہیں کیا تھا۔