زرعی بلز کسانوں کیلئے موت کا پروانہ : راہول گاندھی

,

   

وزیراعظم مودی ‘کسانوں کو صنعت کاروں کا’غلام ‘ بنا رہے ہیں

نئی دہلی ۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی مرکزی حکومت کو گھیرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے اور اتوار کو انہوں نے کسانوں سے متعلق بلوں کے سلسلے میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کسانوں کو صنعت کاروں کا ‘غلام’ بنا رہے ہیں جسے ملک کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے اس بلز کو کسانوں کیلئے موت کا پروان قرار دیا۔ کانگریس زراعت سے متعلق بلز کے سلسلے میں حکومت کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ یہ بل لوک سبھا میں پاس ہوچکے ہیں اور انہیں آج راجیہ سبھا میں پیش کیاگیا ۔ کیرالا کے حلقہ وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ کانگریس قائد نے آج ٹوئٹ کرکے کہا : مودی حکومت کے زرعی ۔ مخالف ‘کالے قانون’ سے کسانوں کو زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) کسان مارکیٹ ختم ہونے پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کیسے ملے گی اور ایم ایس پی کی گارنٹی کیوں نہیں ہے ؟ مودی جی کسانوں کو صنعت کاروں کا غلام بنا رہے ہیں جسے ملک کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا‘‘ ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کے کسان ، زمین سے سونا اُگا رہے ہیں لیکن ہٹ دھرم مودی حکومت اُن کو خون کے آنسو رونے پر مجبور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز سے راجیہ سبھا میں بلز پیش کئے گئے ہیں، وہ کسانوں کے خلاف موت کا وارنٹ ہے۔ راجیہ سبھا میں اس بل پر زبردست شورشرابہ پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی بلز مخالف زراعت کالا قانون ہے۔ انہوں نے حکومت کے ان دعوؤں پر سوالیہ نشان لگایا جس میں حکومت نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار پر وہ اقل ترین امدادی قیمت کو برقرار رکھے گی۔ ترنمول کانگریس کے ایم پی ڈیریک اوبرائن نے بھی بلز سے متعلق شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا۔