زرعی مارکٹس میں کورونا وائرس کے احتیاطی تدابیر کی ہدایت

   

اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ صدر نشین راجیشور ریڈی کی ٹیلی کانفرنس

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن کونسل اور فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر ٹی راجیشور ریڈی نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ رعیتو بندھو سمیتیوں کے صدورنشین کو ہدایت دی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران کسانوں کے مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔ زرعی اشیاء کی منتقلی اور ان کی فروخت کے سلسلہ میں عہدیداروں کو متحرک کیا جائے۔ ہر ضلع میں رعیتو بندھو سمیتیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلہ میں ریاست بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکٹس میں کسانوں کی پیداوار کی فروخت کے انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں سے مراکز تک اشیاء کی منتقلی میں مدد دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع منڈل اور مواضعات کی سطح پر رعیتو بندھو کمیٹیوں کو متحرک ہوجاناچاہیئے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ ہر گاؤں میں حکومت کی جانب سے خریدی کیلئے کاؤنٹر قائم کیا جائے اور کسانوں کے اعتبار سے کاونٹرس کی تعداد رہے۔ دھان کے کسانوں کی آمد کے موقع پر سماجی دوری کو برقرار رکھا جائے کیونکہ عام طور پر مارکٹس میں اس کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ سنیٹائزرس اور ماسکس فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سمیتیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسانوں کے مسائل کے سلسلہ میں حکومت کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وٹیرنری ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسانوں کے مسائل کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں پام آئیل تیار کرنے والی کمپنیوں کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔