زمین رکھنے والے خاندانوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

   

معاشی بحران کے باوجود فلاحی اسکیمات پر عمل آوری، وزیر فینانس ہریش راؤ کی تقریر

حیدرآباد۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ بہت جلد زمین رکھنے والے افراد کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ کے ہمراہ سدی پیٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ گجویل منڈل کے کوڑاکنٹلہ موضع میں 3 کروڑ 72 لاکھ سے تعمیر کئے گئے 56 ڈبل بیڈ روم مکانات کا آغاز کیا گیا۔ ریاستی وزراء نے خوشی کے اس ماحول کے دوران استفادہ کنندگان کو نئے مکانات حوالہ کئے۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر حکومت کے خرچ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں چیف منسٹر کے سی آر نے فلاحی اسکیمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں مریضوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سماج کے ہر طبقہ کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی رعیتو بندھو اسکیم کی امدادی رقم بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ گجویل میں 60 ہزار ایکر خشک اراضی کو سیراب کرتے ہوئے فصلوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے اطراف پکی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں راشن کارڈ سے محروم ہر خاندان کو اندرون 15 یوم نئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ تمام مستحق ضعیف اور معذوروں کو آسرا پنشن فراہم کیا جائے گا۔ وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلاحی اور ترقیاتی کاموں کے نتیجہ میں عوام کے سی آر کے ساتھ ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی، فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین پرتاب ریڈی، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے صدرنشین دیویندر ریڈی، گجویل میونسپل چیرمین این سی راج مولی اور مقامی عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔