زوجین میں محبت اور اُلفت نکاح کا اہم تقاضہ

,

   

سیاست اور ملت فنڈ کے زیر اہتمام 98 واں دو بہ دو پرگرام ، ہزاکسلینسی علامہ آیت اللہ مہدی ‘ جناب زاہد علی خان و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ؍ جون ( سیاست نیوز) اسلام کے حیات آفرین پیغام میں لڑکا اور لڑکی کا رشتہ ازدواج سے منسلک ہونا صرف رسمی طور نہیں ہوا کرتا بلکہ مرد و عورت اس بندھن میں بن جانے کے بعد اپنی عصمت عفت اور ناموس کی حفاظت کرتے ہوئے گناہوں سے دور رہتے ہیں۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ مغربی تہذیب کے شائقین نے شادی کے اس حسین عمل کو چھوڑ کر آزادانہ میل ملاپ کو ترجیح دی جس کی وجہ سے بھیانک صورت حال سے اس وقت دنیا گذر رہی ہے ۔ ایک نوجوان جب شادی کے بندھن میں جڑ جاتا ہے تو نہ صرف ایک اور جان کی آبرو و عزت اور اس کے پالنے و پوسنے کی ذمہ داری کو نبھاتا ہے وہیں پاکیزہ زندگی کی بنیاد بھی ڈالتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ آیت اللہ مہدی ‘ مہدوی پور نے آج سیاست اور ملت فنڈ کے زیر اہتمام 98 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام سے کیا جو رائیل ریجنسی گارڈن (آصف نگر) میں منعقد ہوا ‘ جس میں والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے کی ۔ انہوں نے کہاکہ اکثر خاندانوں میں دیکھا گیا ہے کہ والدین بڑے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے لڑکوں کی شادیاں انجام دیتے ہیں مگر یہ نو بیاہی جوڑے جب شادی کے بندھن میں جڑتے ہیں تو ان میںکسی قسم کی محبت و الفت پیدا نہیں ہوتی جب کہ شادی کا تقاضہ یہ ہے کہ جوڑوں میں محبت پیدا ہو اور گھر جنت نشان بنے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے یہ دو بہ دو ملاقات پروگرام اب اپنی 100 ویں منزل میں پہنچ رہاہے ۔ اس پروگرام نے عالمی حیثیت اختیار کرلی جس کی وجہ سے کئی ہزار لڑکے و لڑکیوں کے رشتوں کی رہبری و رہنمائی کی گئی ۔

انہوںنے ہر دو بہ دو پروگرام میں والدین کی بے چینی کو دیکھتے ہوئے کہاکہ ان کی یہ فکر ہمیں اس بات پر مجبور کی کہ شادیوں کے رشتوں کے لئے ایک ایساپلیٹ فارم میسر ہو جہاں تعلیمی اعتبار سے رشتے انہیں مل سکیں ۔ اللہ کا فضل و کرم ہوا کہ سیاست اورملت فنڈ کے ذریعہ اس کام میں آسانی پیدا ہوئی ۔ انہوں نے اس کے علاوہ سیاست اور ملت فنڈ شادی سے قبل اور ما بعد شادی کونسلنگ کا اہتمام کر رہی ہے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں شروع کئے گئے دو بہ دو ملاقات پروگرام کی مانگ اتنی بڑھ چکی ہے کہ اسے بین الاقوامی درجہ حاصل ہوا اور اب یہ پروگرام کویت ‘ دبئی ‘ ایران ‘ سعودی عرب ‘ لندن ‘متحدہ عرب امارات میں نہ صرف پیش کئے جا رہے ہیں بلکہ ان ممالک میں اس طرح کا پروگرام ہونے کا انہیں بھی اشتیاق ہے ۔ جناب قمرالدین صدرنشین اقلیتی کمیشن تلنگانہ نے سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے منعقد ہونے والے دو بہ دو ملاقات پروگرام میں شریک ہو کر اپنی خوشنودی کا اظہار کیا اور کہاکہ جناب زاہدعلی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی مساعی ہے کہ یہ پروگرام بین الاقوامی شہرت کا حامل ہوچکا ہے ۔ جناب شوکت علی مرزا منیجنگ ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈس نے کہا کہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے دو بہ ملاقات پروگرام اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے جس میں والدین کو اس بات کی سہولت پہنچائی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پسند کے رشتے تلاش کرسکیں ۔ مولانا سید قمر حسین رضوی نے مترجم کے فرائض انجام دیئے ۔ شہ نشین پر جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ‘ جناب محمد تاج الدین ‘ قاری سید مصطفی ‘ فیصل بن علی القیعطی ‘ قاری الیاس پاشاہ ‘ محمد احمد ‘ صالح بن عبداللہ باحاذق ‘ ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ میر انورالدین ‘ و دیگر موجود تھے ۔ آج کے اس دو بہ دو پروگرام میں لڑکوں کے 100اور لڑکیوں کے 200 رجسٹریشن کروائے گئے ۔ پروگرام کے منتظمین میں خالد محی الدین اسد ’ ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ فریدہ حیدری ‘ فرزانہ بانو ‘ محمد نصراللہ خان ‘ و دیگر شامل ہیں ۔