سائنا نہوال ورلڈ چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں داخل

   

ٹوکیو۔ لندن اولمپک میں برونز میڈل جیتنے والی سائنا نہوال نے منگل کو یہاں ہانگ کانگ کی چیونگ نگان یی کو سیدھے گیم میں شکست دے کر بی ڈبلو ایف ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ میں اپنی مہم کا شاندار آغازکیا۔سائنا نے پہلے راؤنڈ کے میچ میں نگان یی کو 38 منٹ میں 21-19، 21-9 سے شکست دی۔عالمی چمپئن شپ میں سلور اور برونز میڈل جیتنے والی 32 سالہ کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں کیونکہ ان کی دوسرے راؤنڈ کی حریف نازومی اوکوہارا زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ اس نے سائنا کو بائے دے دیا۔ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چندکی ہندوستانی خواتین ڈبلز جوڑی نے بھی اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ہندوستانی جوڑی کو ملائیشیا کے ین یوان لو اور ویلری سیو کو 21-11 21-13 سے شکست دینے میں زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔تاہم مکسڈ ڈبلز میں وینکٹ گورو پرساد اور جوہی دیوگن کی جوڑی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی جوڑی کو انگلینڈ کے گریگوری مائرز اور جینی مور سے 10-21، 21-23 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈراویڈ کورونا سے متاثر
نئی دہلی ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈکورونا سے متاثر ہوگئے ہیں اور وہ 27 اگست کو شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے روہت شرما کی قیادت والی ٹیم کے ساتھ دبئی نہیں جا سکیں گے۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے منگل کو اس کی تصدیق کی۔ایشیا کپ میں ہندوستان 28 اگست کو اپنے افتتاحی میچ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ شاہ نے یہاں جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ کا کوویڈ 19 کے لیے معمول کا ٹسٹ ٹیم کے ایشیا کپ 2022 کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہونے سے پہلے مثبت آیا ہے۔ڈراویڈ فی الحال بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہے اور اس میں معمولی علامات ہیں۔کوویڈ 19 کی رپورٹ منفی آنے پر وہ واپس ٹیم میں شامل ہوں گے۔ فی الحال اسسٹنٹ کوچ پارس مہمبرے ٹیم کے انچارج ہوں گے لیکن نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ وی وی ایس لکشمن کو ٹیم کے ساتھ دبئی بھیجنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گاجن کی قیادت میں ٹیم نے زمبابوے میں کامیابی حاصل کی۔