سابق اداکارہ اور ٹیچر سروپ راول گلوبل ٹیچر پرائز 2019ء کیلئے نامزد

,

   

لندن ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی اداکارہ اور لائف اسکل ٹیچر سروپ راول (سابقہ نام سروپ سمپت) کو جمعرات کے دن ایک ملین ڈالرس مالیت والے ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز 2019ء کیلئے قطعیت دیئے گئے دس ٹیچرس میں شامل کیا گیا ہے جو دراصل ان کے منفرد طریقۂ تدریس کے اعتراف کے طور پر دیا جائے گا جس کا مقصد ہندوستان کے مختلف سماجوں سے تعلق رکھنے والے بچوں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ سروپ راول جو گجرات کے لواڈ پرائمری اسکول میں پڑھاتی ہیں انہیں تقریباً 10,000 ٹیچرس کے ناموں میں سے منتخب کیا گیا ہے جس کیلئے 179 ممالک سے 10,000 درخواستیں بھی اس انعام کے حصول کیلئے روانہ کی گئی تھیں جس کا اعلان آئندہ ماہ دوبئی کے گلوبل ایجوکیشن اینڈ اسکلس فورم کی جانب سے کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ سروپ راول سابق مس انڈیا ہیں اور ہندی فلموں کے مشہور ایکٹر پریش راول کی اہلیہ ہیں۔ ان کی مشہور فلم یش چوپڑہ کی ’’ناخدا‘‘ تھی جس میں انہوں نے راج کرن کے مقابلے کام کیا تھا اور ان کی مشہور ٹی وی سیریل ’’یہ جو ہے زندگی‘‘ 80ء کے دہے میں بیحد مقبول ہوئی تھی۔