سابق رکن اسمبلی رویندر ریڈی کی بی جے پی سے کنارہ کشی

   

کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائیاں، یلاریڈی کی سیاسی تصویر میں تبدیلی کا امکان

یلاریڈی 6 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی یلاریڈی رویندر ریڈی جو ٹی آر ایس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کئے تھے لیکن اب بی جے پی سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کانگریس کا دامن تھامنے کی قیاس آرائیاں گشت کررہی ہیں۔ رویندر ریڈی کے اس فیصلہ سے یلاریڈی حلقہ کی سیاسی تصویر بدلتے نظر آرہی ہے۔ ٹی آر ایس کے قیام کے ساتھ ہی رویندر ریڈی نے پارٹی کے لئے خوب محنت کرکے حلقہ یلاریڈی سے تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ حلقہ کو ٹی آر ایس کا مضبوط گڑھ بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا لیکن 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدوار سریندر کے مقابل شکست ہوگئی تھی اور ایسے میں کانگریس سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی سریندر نے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے آخرکار رویندر ریڈی کے سیاسی مستقبل کو گہن لگادیا جس کے بعد یلاریڈی حلقہ میں ٹی آر ایس پارٹی دو گروپوں میں تقسیم ہوکر رہ گئی تھی۔ رویندر ریڈی نے ٹی آر ایس حکمرانی میں کچھ نہ کچھ عہدہ ملنے کی اُمید لگا رکھی تھی جو پوری نہ ہوسکی اور دو سال قبل سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کے ساتھ مل کر رویندر ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی لیکن رویندر ریڈی کا سیاسی مقدر چمکتا محسوس نہ ہونے کا انھیں احساس ہونے لگا اور رویندر ریڈی بی جے پی میں کبھی سرگرم نظر نہ آئے۔ بہرحال کچھ بھی ہو پھر سے یلاریڈی حلقہ اسمبلی کے سیاسی حالات بدلتے نظر آرہے ہیں۔ ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کا پھر ایک بار عروج دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں یلاریڈی سے کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔