سابق سیمی لیڈر صفدر و دیگر 49 کیخلاف جرم ثابت

,

   

خصوصی عدالت سزا کا تعین کل کرے گی ۔ ناکافی ثبوت وشواہد کی بنیادپر 28ملزمین کو بری کردیا

احمدآباد میں 2008 ء کے سلسلہ وار دھماکے کیس

ممبئی: مہاراشٹر کی پڑوسی ریاست گجرات کے تجارتی شہروں احمد آباد اور سورت میں سال2009 کے سلسلہ وار بم دھماکوں کے مقدمات بنام انڈین مجاہدین کیس کا فیصلہ بالآخر آج خصوصی جج نے سنادیا۔ عدالت نے 49ملزمین کو قصور ٹہرایا ہے جبکہ 28ملزمین کو مقدمہ سے بری کردیا۔ قصور وار ٹہرائے گئے ملزمین کی سزا کا تعین عدالت کل کرے گی۔ ملزمین کو پھانسی سے لیکر عمر قید تک کی سزائیں عدالت سنا سکتی ہے ، جبکہ دفاعی وکلاء کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت چند ملزمین کو راحت دے سکتی ہے اور انہیں جتنے دن جیل میں گذارے ہیں انہیں سزا مان کر انہیں جیل سے رہا کئے جانے کا حکم دے سکتی ہے ۔مقدمہ سے بری ہونے والے ملزمین کا تعلق پونے ، کرناٹک،کیرالا، اعظم گڑھ، مدھیہ پردیش اور دیگر علاقوں سے ہے ۔مقدمہ سے بری ہونے والے 28 ملزمین میں سے23ملزمین کوجمعیۃعلماء نے قانونی امداد فراہم کی ہے ۔فیصلہ سنانے کے بعد ممبئی میں ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی)کے سربراہ گلزار اعظمی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ سزا پانے والے ملزمین کی سزاؤں کا تعین ہونے کے بعدتحت کی عدالت کے فیصلہ کو احمد آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا کیونکہ خصوصی عدالت نے وکلائے صفائی کی جانب سے پیش کئے گئے ثبوت وشواہد کو قبول نہیں کیا ہے جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل چہارشنبہ کو وکلاء صفائی مجرم ثابت ہونے والوں کو کم سے کم سزا دیئے جانے کے لئے خصوصی عدالت میں بحث کریں گے۔ گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ اس معاملے میں ملک کے مختلف شہروں سے گرفتار78اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزمین میں سے 61مسلم نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی جمعیۃ علماء نے کی۔ جمعیۃ علماء کی جانب سے ملزمین کے دفاع میں سینئر ایڈوکیٹ آر کے شاہ کی سربراہی میں سینئر ایڈوکیٹ ایل آر پٹھان، ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ، ایڈوکیٹ خالد شیخ،ایڈوکیٹ الیاس شیخ،ایڈوکیٹ نینا بین و دیگر نے بحث مکمل کی تھی۔جمعیۃ علماء کے وکلاء کے علاوہ ایڈوکیٹ ڈی ڈی پٹھان نے چھ ملزمین کی پیروی کی جبکہ ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن، ایڈوکیٹ سومناتھ وٹس نے آٹھ ملزمین کی پیروی کی۔ دو ملزمین کو لیگل ایڈ کمیٹی کی جانب سے عدالت نے وکیل مہیا کرایا تھا۔ عدالت نے جن ملزمین کو مقدمہ سے بری کیا ہے ان کے نام شکیب نثار احمد اعظمی، محمد عرفان نقیب منصوری، ناصر لیاقت علی پٹیل،شکیل احمد عبدالشکیل مالی،ندیم عبدالنعیم سید، محمد سمیع راج احمد بیگیواڑی، ڈاکٹر احمد بیگ خواجہ بیگ مرزا، کامران حاجی شاہد صدیقی، حسیب رضا فردوس رضا، محمد حبیب فلاحی، ۱۱۔محمد شاہد عثمان عبدالحمید ناگوری،شعیب عبدالقادر، نوید نعیم الدین قادری، رضی الدین نصیرالدین،عمر اشوک کالا بھائی کبیراو دیگر شامل ہیں۔