سابق مجلسی ایم ایل اے پٹھان کے بیان کی مذمت

,

   

شکاگو۔ 22 فروری (ای۔میل) مہاراشٹرا کے سابق مجلسی رکن اسمبلی وارث پٹھان کے مخالف سی اے اے مظاہرے کے موقع پر تقریر میں ہندو ۔ مسلم برادریوں کے درمیان لڑائی کا اشتعال انگیز بیان مسلسل تنقیدوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ اندرون ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی مذمتی بیانات سامنے آرہے ہیں۔ شکاگو (امریکہ) کے جناب سید علی نے ای۔میل کے ذریعہ اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پٹھان کی سخت مذمت کی اور کہا کہ 100 کروڑ کیلئے 15 کروڑ مسلمان کافی، یہ نہایت احمقانہ بیان ہے۔ کرناٹک کے کلبرگی (گلبرگہ) میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پٹھان نے سی اے اے، این آر سی، این پی آر کے خلاف جاری مہم کو ایک طرح سے نقصان پہنچایا ہے۔ 15 ڈسمبر سے جاری احتجاج اس لئے نہیں ہے کہ ہندوؤں کے خلاف میدان جنگ سنبھالا جائے۔ ہم جمہوری انداز میں جدوجہد کررہے ہیں، اس لئے مسلم قائدین کو آئندہ اس قسم کی بچکانہ حرکتوں سے باز رہنا ضروری ہے ورنہ عوام انہیں اچھا سبق سکھائیں گے۔ ۔