سابق پولیس افسر قتل: معلومات فراہم کرنے والے کو انعام دیا جائے گا

   

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے گانٹمولہ علاقے میں ایک ہفتے قبل ایک سبکدوش پولیس افسر کے قتل کیس کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے والے کو 5 لاکھ روپیے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔ بتادیں کہ بارہمولہ کے گانٹمولہ علاقہ میں 24 دسمبر کی علی الصبح نامعلوم بندوق برداروں نے 72 سالہ ریٹائرڈ ایس ایس پی محمد شفیع میر پر مسجد میں نزدیک سے گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں پوسٹرز کے ذریعہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی شخص پولیس افسر (محمد شفیع میر) کے قتل کے سلسلے میں کوئی مفید معلومات فراہم کرے گا اس کو 5 لاکھ روپیے نقد انعام دیا جائے گا’۔ان پوسٹرز کو گانٹمولہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں چسپاں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اطلاع دہندہ کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ پولیس نے لوگوں سے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے ڈی ایس اپی ہیڈکوارٹرز بارہمولہ یا ایس ایچ او پولیس اسٹیشن شیری کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اس قتل کیس کے سلسلے میں کئی افراد جن میں مقتول کے کچھ رشتہ دار بھی شامل ہیں، سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے تحقیقات کے دوران گائوں والوں سے قریب دو درجن 12 بور رائفلز ضبط کی ہیں جن کو فورنسک جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اس کیس کے مختلف پہلوئوں کو دیکھ رہی ہے ۔مقتول پولیس افسر سال 2012 میں نوکری سے سبکدوش ہونے کے بعد اپنے ہی گائوں میں رہائش پذیر تھے ۔