سابق گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن تلنگانہ میں بی جے پی مہم چلائیں گی

   

اسٹار کیمپینرس میں کنگنا راناوت کا نام شامل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں 10 نشستوں پر کامیابی کے نشانہ کے ساتھ انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ 13 مئی کے چناؤ میں ڈبل ڈجٹ نشستوں پر کامیابی کے مقصد سے پارٹی نے اسٹار کیمپینرس کی فہرست تیار کی ہے جن میں تلنگانہ کی سابق گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن تقریباً 5 سال تک تلنگانہ کے گورنر کے عہدہ پر فائز رہیں اور الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پر چینائی ساؤتھ حلقہ سے مقابلہ کیلئے گورنر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ پارٹی کے اسٹار کیمپینرس میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت کو بھی شامل کیا ہے۔ بی جے پی قیادت نے 40 اسٹار کیمپینرس کی فہرست تلنگانہ کو روانہ کی ہے۔ مقامی قائدین کی کہنا ہے کہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن تلنگانہ کی انتخابی مہم میں بی جے پی کے لئے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ انہوں نے ایک مقبول گورنر کے طور پر عوام میں شہرت حاصل کی۔ بی جے پی کے ٹاملناڈو یونٹ کے صدر کے اناملائی کو بھی کیمپینرس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ مقامی قائدین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کنگنا راناوت سے زیادہ ٹی سوندرا راجن مقبولیت رکھتی ہیں جنہوں نے قبائلی علاقوں میں گورنر کے طور پر کافی کام کیا ہے۔ سوندرا راجن کے حلقہ ساؤتھ چینائی میں 19 اپریل کو رائے دہی مکمل ہوگئی۔ اسی دوران حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا نے ان کے حلقہ میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی ادتیہ ناتھ کو انتخابی مہم کیلئے روانہ کرنے کی درخواست کی ہے۔اترپردیش میں لوک سبھا چناؤ کے پیش نظر یوگی ادتیہ ناتھ کے شیڈول کے بارے میں پارٹی قائدین لاعلم ہیں۔1