سابق گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن بی جے پی میں شامل

,

   

مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کھنڈوا پہنایا، لوک سبھا چناؤ میں مقابلہ کے امکانات

حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی سابق گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج باقاعدہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ چینائی کے بی جے پی آفس میں منعقدہ تقریب میں مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے ڈاکٹر سوندراراجن کو پارٹی کا کھنڈوا پہناکر بی جے پی میں استقبال کیا۔ ٹاملناڈو بی جے پی کے ریاستی صدر کے اناملائی نے رکنیت کی رسید حوالے کی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن پانچ برسوں تک گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے عہدہ سے مستعفی ہوچکی ہیں۔ گورنر کی حیثیت سے تقرر کے وقت وہ ٹاملناڈو بی جے پی کی صدر تھیں۔ 20 برسوں تک انہوں نے بی جے پی میں سرگرم رول ادا کیا اور اسمبلی کیلئے دو مرتبہ اور لوک سبھا الیکشن میں مقابلہ کیا لیکن کامیابی نہیں ملی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی ہائی کمان نے انہیں لوک سبھا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن کے والد کے اننتن ٹاملناڈو میں کانگریس کے سرکردہ قائدین میں شمار کئے جاتے تھے۔ سوندرا راجن کا تعلق ناگر کمیونٹی سے ہے جس کا ٹاملناڈو کی سیاست پر گہرا اثر ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سوندرا راجن نے لوک سبھا چناؤ کیلئے اپنی پسند کی دو نشستوں کی ہائی کمان کو تجویز پیش کی ہے۔ بی جے پی کو امید ہے کہ ٹاملناڈو میں اس مرتبہ پارٹی کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔1