ساری گفتگو کا افشاء ہوگیا، یہ ٹھیک نہیں ہوا،چینی صدر کا کینیڈا کے وزیر اعظم سے گلہ

   

بیجنگ : چین کے صدر شی جنگ پنگ نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سے جی 20 سمٹ کے دوران آمنا سامنا ہونے پر غیر رسمی ملاقات کی تفصیلات میڈیا پر آنے سے متعلق خفگی کا اظہار کیا ہے جس کی ایک ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔دونوں قائدین انڈونیشیا میں ہونے والے جی 20 ممالک کے اجلاس میں شریک تھے جہاں بدھ کو ان کا آمنا سامنا ہوا۔ اس دوران چینی صدر اپنے ترجمان کے ذریعے کینیڈا کے وزیرِ اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ترجمان کے ذریعے دونوں سربراہانِ مملکت کے درمیان ہونے والی گفتگو وہاں موجود میڈیا کے کیمروں میں بھی محفوظ ہوگئی ہے جسے واضح طور پر سنا جاسکتا ہے۔اس گفتگو میں صدر شی اپنے ترجمان کے ذریعے کہتے ہیں:’ہم نے جو بات بھی کی تھی وہ اخبار کو لیک ہوگئی، یہ ٹھیک نہیں ہوا۔‘صدر شی مزید کہتے ہیں: ’اگر سنجیدگی ہو تو ہم باہمی احترام کے ساتھ اچھی طرح رابطے برقرار رکھ سکتے ہیں، ورنہ یہ بتانا مشکل ہوگا کہ کیا نتائج نکلیں گے۔‘خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر شی نے ممکنہ طور پر دو روز قبل کینیڈا کے وزیرِ اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات میڈیا پر آنے کی وجہ سے برہمی کا اظہار کیا ہے۔تین برس بعد دونوں رہنماؤں کی منگل کو ہونے والی ملاقات بھی جی 20 اجلاس کے دوران ہوئی تھی اور میڈیا پر آنے والی اس کی تفصیلات کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے چینی صدر سے کینیڈا کے انتخابات میں ’مداخلت‘ اور جاسوسی سے متعلق اپنی ’تشویش‘ کا اظہار کیا تھا۔اسی لیے صدر شی کے ترجمان کے ذریعے سے جو پہلا فقرہ ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے وہ یہی ہے کہ ’ہم نے جو بات چیت کی تھی وہ پیپرز کو لیک ہوگئی، یہ ٹھیک نہیں ہوا۔‘اس بات چیت میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو چینی صدر کو جواب دیتے ہیں کہ کینیڈا میں ہم آزاد، کھلے اور بے تکلفانہ مکالمے پر یقین رکھتے ہیں اور ہم یہ کرتے رہیں گے۔ ہم ایک ساتھ مل کر تعمیری کام کرتے رہیں گے لیکن اس میں ہمارے درمیان اختلافِ رائے بھی ہوگا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کی گفتگو کے دوران صدر شی آس پاس دیکھ رہے ہیں اور پھر اپنے ترجمان کے ذریعے جواب دیتے ہیں:’چلیں پہلے اس کے لئے حالات پیدا کرتے ہیں۔‘اس کے بعد دونوں مصافحہ کرکے الگ ہوجاتے ہیں۔عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ان مناظر کو چین کے سرکاری مناظر نے بہت محتاط انداز میں چھانٹ کر استعمال کیا ہے۔