سارے ملک کو نکہت زرین پر ناز

   

جو لوگ طعنے دیتے یا توہین کیا کرتے تھے وہ ۔ واہ واہ کرنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سارے ملک کے لیے قابل فخر ہے نکہت زرین جنہوں نے علاقائی ، قومی اور بین الاقوامی تمام چیلنجس کو قبول کیا ۔ اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہوئے ویمن باکسنگ کی عالمی چمپئن بن گئی ۔ اس منزل تک پہونچنے کے لیے نکہت زرین کو کئی تلخ تجربات سے گذرنا پڑا لیکن عالمی چمپئن کبھی ڈری نہیں بلکہ ڈٹی رہی جس کا یہ نتیجہ ہے کہ وہ سب کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ۔ آج کے معاشرے میں مسلم لڑکیوں کو کھیل کود کے علاوہ دوسرے مسابقتی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے خاندان ، پڑوسیوں کے علاوہ دوسروں سے حوصلہ افزائی کے بجائے حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پھر بھی مسلم لڑکیاں ان کی پرواہ کئے بغیر اپنے مقررہ نشانہ عبور کرنے کے لیے جس جرات کا مظاہرہ کررہی ہیں وہ قابل ستائش ہے جن میں نکہت زرین بھی شامل ہیں ۔ سب سے پہلے ان کے والد اور گھر کے دوسرے لوگ قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے طعنے اور توہین آمیز ریمارکس سننے کے باوجود اپنی بیٹی کی باکسنگ فیلڈ میں حوصلہ افزائی کی اور نکہت زرین نے بھی انہیں مایوس نہیں کیا بلکہ ان کا سر فخر سے بلند کردیا ۔ افراد خاندان سے حوصلہ پانے والی لڑکیاں پائیلٹ ، آئی اے ایس اور دوسرے مسابقتی امتحانات میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں ۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والی نکہت زرین معمولی سہولتوں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور دوسرے کھیلوں کی طرح باکسنگ میں ہونے والی سیاست کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کو لوگ کمزوری سمجھتے ہیں ۔ اس کو نکہت زرین نے اپنی طاقت بنایا ، نا انصافیوں کا شکوہ اور سہولتوں کی کمی کا رونا رونے کے بجائے صرف اور صرف باکسنگ پر توجہ دی جس پر آج سارا ملک ان پر ناز کررہا ہے ۔ صدر جمہوریہ ، وزیراعظم اور چیف منسٹر کے بشمول دوسری عظیم شخصیتیں انہیں مبارکباد پیش کررہی ہیں اور ساتھ ہی جو لوگ ان کی اور ان کے والد کی توہین کیا کرتے تھے وہ آج ان کی ستائش کررہے ہیں ان کے ساتھ فوٹو لیتے ہوئے یا قدیم تصاویر کو سوشیل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں ۔ نکہت زرین نے اپنے کھیل کے ذریعہ لڑکیوں میں نئی امیدیں جگائی ہیں ۔۔ن