85 ویں انڈین روڈس کانگریس سے خطاب، ریاست تین اقتصادی زونس میں تقسیم
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز)چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ سال 2047 جب ملک کی آزادی کے سو سال مکمل ہوں گے ، انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اور اس تاریخی سنگ میل تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانا ان کی حکومت کا اولین ہدف ہے۔ حیدرآباد کے ایچ آئی سی سی (HICC) میں منعقدہ 85 ویں انڈین روڈس کانگریس (IRC) کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تاریخی شہر حیدرآباد آمد پر ملکی و غیر ملکی مندوبین اور مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ریاست کی ہمہ جہت اور متوازن ترقی کے روڈ میاپ کی وضاحت کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کو تین اہم اقتصادی زونس ‘کیور’ (CURE)، ‘پیور’ (PURE) اور ‘ریئر’ (RARE) میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ (ORR) کے اندرونی علاقے کو ‘کیور’ زون قرار دیتے ہوئے یہاں سروس سیکٹر کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ آؤٹر رنگ روڈ سے ریجنل رنگ روڈ (RRR) تک کے درمیانی علاقے کو ‘پیور’ زون میں شامل کر کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اسی طرح ریجنل رنگ روڈ سے بیرونی علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ‘ریئر’ زون کا درجہ دیا گیا ہے جہاں زراعت پر مبنی صنعتوں (ایگرو بیسڈ انڈسٹریز) کو فروغ دیا جائے گا۔چیف منسٹر نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں محکمہ عمارات و شوارع (R&B) کو بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے کئی اہم منصوبے انجام دینے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں معیاری سڑکوں کے جال بچھانے کے ساتھ ساتھ طبی و صحت کے شعبہ کی ترقی کو بھی مساوی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہو سکیں۔2