ساٹا پور مویشی منڈی کا کمشنر پولیس نظام آباد کا دورہ

   

نظام آباد۔ 24مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدالاضحی کے پیش نظر عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری سے محفوظ رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے ساٹاپور مویشی منڈی کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مویشیوں کی خرید و فروخت کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ساٹاپور گرام پنچایت کے عملہ سے تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس کمشنر نے شہر کے حدود میں قائم ویٹرنری ڈاکٹروں کے چیکنگ پوائنٹ کا بھی دورہ کرتے ہوئے مویشیوں کے طبی معائنہ اور جاری کئے جانے والے ہیلتھ سرٹیفکیٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مویشیوں کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کی بھی جانچ کی۔پولیس کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ مویشیوں کی منتقلی، فروخت اور قربانی کے لیے لائے جانے والے جانوروں کے سلسلہ میں تمام طبی اور قانونی اصولوں پر سختی سے عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے ویٹرنری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر جانور کا طبی معائنہ کرتے ہوئے ہیلتھ سرٹیفکیٹ کی لازمی جانچ کی جائے۔ انہوں نے غیر قانونی منتقلی، بیمار مویشیوں کی فروخت اور قواعد کے خلاف سرگرمیوں پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ پوائنٹس پر پولیس اور ویٹرنری عملہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے چوکس رہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر عوام پرامن ماحول میں تہوار منائیں، اس کے لیے پولیس محکمہ تمام ضروری اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں۔ اس موقع پر بودھن اے سی پی سرینواس، رینجل سب انسپکٹر چندر موہن، ضلع اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر روہت ریڈی، منڈل ویٹرنری ڈاکٹر وٹھل، ڈاکٹر پرمود، ڈاکٹر نریندر اور ڈاکٹر سریش سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔