ستمبر میں حضور آباد ضمنی انتخابات کے اعلامیہ کا امکان

   

حیدرآباد۔ 13 اگسٹ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ماہ ستمبر میں حضور آباد ضمنی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے۔ کمیشن سیکریٹری اجئے کمار ورما نے تمام مسلمہ سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سیکریٹریز کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ مکتوب میں جماعتوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ 30اگسٹ سے قبل وبائی صورتحال میں انتخابات پر اپنی رائے پیش کریں کیونکہ سابق میں رہنما خطوط کی اجرائی کے باوجود کورونا شرائط و ضوابط پر عمل نہیں کیا گیا اور کئی شکایات ملی ہیں۔ کمیشن انتخابات اور کورونا کو روکنے رہنما خطوط پر انتخابی سرگرمیوں کے دوران عمل پر رائے پیش کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ 30 اگسٹ سے قبل اس مکتوب کا جواب دیا جائے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے کورونا کے پیش نظر کونسل کی 6مخلوعہ نشستوں کیلئے انتخابات منعقد نہ کرنے کی خواہش کی گئی تھی اور اب حضور آباد میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کا موقف کیا ہوگا یہ دلچسپی کا باعث ہے ٹی آر ایس نے کونسل انتخابات کی مخالفت کی اور اب حضور آباد میں سرگرمیاں جاری ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک کی تمام جماعتوں کے ذمہ داروں کو مکتوب روانہ کیا ہے کیونکہ جاریہ سال اور آئندہ سال کے دوران ملک کی 5ریاستو ںمیں اسمبلی انتخابات ہونگے اور ان کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔