سدا سیو پیٹ میں بی جے پی کو بھی شدید جھٹکہ

   

رکن بلدیہ و سرگرم قائد پی راجو کی کانگریس میں شمولیت، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

سنگاریڈی 13 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی جے پی کو اس وقت شدید جھٹکہ لگا جب پلی مامڈی راجو رکن بلدیہ سداسیو پیٹ و انچارج حلقہ اسمبلی سنگاریڈی بی جے پی نے گانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پلی مامڈی راجو نے آج کنڈہ سریکھا ریاستی وزیر و انچارج وزیر ضلع سنگاریڈی اور جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ہمراہ ریونت ریڈی چیف منسٹر سے حیدرآباد میں ملاقات کرتے ہوے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پلی مماڈی راجو کو کانگریس پارٹی کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں شامل کرلیا۔ پلی مامڈی راجو نے 2020 میں کانگریس کے ٹکٹ پر رکن بلدیہ سداسیو پیٹ منتخب ہوئے اور کچھ عرصہ بعد بی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ انھوں نے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بی آر ایس پارٹی ٹکٹ کے لیے کوشش کی۔ بی آر ایس سے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراض ہوکر انھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی جے پی نے انھیں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کا انچارج بنا یا اور 2023 اسمبلی انتخابات میں پلی مامڈی راجو نے بی جے پی امیدوار حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کی حیثیت سے مقابلہ کیا اور 20 ہزار 921 ووٹ حاصل کرتے ہوے تیسرے مقام پر رہے۔ پلی مامڈی راجو کی کانگریس میں شمولیت کی وجہ سے کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور ہارلیمنٹ انتخابات میں کانگریس کو اس کا فائدہ ہوگا۔ بعد ازاں پلی مامڈی راجو نے دیپا داس منشی انچارج کانگریس پارٹی تلنگانہ سے بھی ملاقات کی اس موقع پر نیلم مدھو امیدوار کانگریس حلقہ پارلیمنٹ میدک بھی موجود تھے۔ پلی مامڈی راجو نے کہا کہ وہ راہول گاندھی اور ریونت ریڈی سے متاثر ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس کا منشور غریبوں کی آواز ہے۔ ملک اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کانگریس کا بر سراقتدار آنا ضروری ہے۔