سدی پیٹ میں معطل کئے گئے سرکاری ملازمین کو راحت،ہائی کورٹ نے معطلی پر حکم التواء جاری کیا

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) میدک لوک سبھا حلقہ میں بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی کے جلسہ میں شرکت کرنے والے 106 سرکاری ملازمین کو الیکشن کمیشن نے معطل کردیا تھا۔ دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمہ سے متعلق آئی کے پی اور ڈی آر ڈی اے اسکیمات سے وابستہ ملازمین کو آج تلنگانہ ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے۔ معطل کئے گئے ملازمین کے حق میں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں فوری خدمات پر بازمامور کرنے کی ہدایت دی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت ضلع کلکٹر نے 106 ملازمین کو معطل کردیا تھا جن میں 68 کا تعلق دیہی ضمانت روزگار اسکیم سے ہے ۔ معطلی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ضلع کلکٹر کو اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ معطل کریں۔ ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد حکم التواء جاری کیا اور آئندہ سماعت 18 جون کو مقرر کی ہے ۔ واضح رہے کہ سدی پیٹ میں بی آر ایس کے لوک سبھا امیدوار وینکٹ رام ریڈی نے اجلاس طلب کیا تھا جس میں سرکاری اسکیمات سے وابستہ ملازمین شریک ہوئے تھے۔ وینکٹ رام ریڈی اور سابق صدرنشین رویندر ریڈی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ حکام نے اجلاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر معطلی کا فیصلہ کیا تھا۔ عدالت نے فوری حکم التواء جاری کرتے ہوئے آئی کے پی اور ڈی آر ڈی اے اسکیمات سے وابستہ ملازمین کو بازمامور کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ 1