سردی ، بخار ، کھانسی اور اعضاء شکنی کی ادویات کرانہ اسٹور س پر بھی دستیاب ہوں گی

   

فارماسسٹ کے بغیر فروخت پر نئے رہنمایانہ خطوط ، ڈرگ کنٹرول اتھاریٹی کی جانب سے جائزہ

حیدرآباد۔5 ۔ مئی ۔(سیاست نیو ز) سردی ‘ بخار ‘ کھانسی اور اعضاء شکنی کی وہ ادویات جن کے لئے ڈاکٹرکی تجویز کردہ تحریر درکار نہیں ہیں وہ ادویات اب کرانہ کی دکانات پر دستیاب ہوں گی۔ مرکزی وزارت کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ ڈرگ کنٹرول اتھاریٹی کی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ ملک بھر میں اوور دی کاؤنٹر دستیاب ہونے والی ادویات کرانہ ک دکانات پر بھی فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔ حکومت ہند کی وزارت صحت کے تحت تشکیل دی گئی مشاورتی کمیٹی کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فارماسسٹ کے بغیر فروخت کی جانے والی ادویات کے سلسلہ میں نئے رہنمایانہ خطوط کی تیاری عمل میں لائیں اور ان ادویات کی فہرست تیار کریں جو ڈاکٹر کی تجویز کردہ تحریر کے بغیر فروخت کی جاسکتی ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں سردی‘ نزلہ ‘ کھانسی ‘ بخار‘ اعضاء شکنی ‘ کی ادویات کو فروخت کرنے پر عائد تحدیدات کو برخواست کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو یہ ادویات بہ آسانی دستیاب ہوسکیں۔ کئی برسوں قبل یہ ادویات کرانہ دکانات پر بہ آسانی دستیاب ہوا کرتی تھیں لیکن حکومت کی جانب سے تیار کی گئی پالیسی کے نتیجہ میں یہ ادویات بھی میڈیکل اسٹور سے ہی خریدنی پڑ رہی تھیں کیونکہ میڈیکل اسٹورمیں فارماسسٹ ہوا کرتے ہیں جو ڈاکٹرس کی تجویز کردہ ادویات ہی فروخت کیا کرتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے اب دوبارہ اس پالیسی میں تبدیلی لانے کے متعلق منصوبہ بندی کی جار ہی ہے تاکہ عوام کو یہ ادویات جو ڈاکٹرس کی تجویز کردہ تحریر کے بغیر فروخت کی جاسکتی ہیں آسانی سے دستیاب ہونے لگ جائیں۔ عام امراض کے دوران استعمال کی جانے والی ان ادویات میں الرجی کی بھی بعض ادویات شامل ہیں جن کے لئے ڈاکٹر کی تجویز ضروری نہیں ہوتی ۔ اسی لئے وزارت صحت کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ان ادویات کی فہرست کی تیاری کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔3