گمبھی راوپیٹ،سرسلہ، 10 جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنہ سرسلہ ضلع کے ویملواڑہ۔کریم نگر مصرف ترین سڑک انوپورم آر اینڈ آر کالونی (اسلام نگر) کے قریب آج شام کے اوقات ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں چار مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق، بہار, مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو لیے کر ویملواڈہ سے کودوروپاک کی جانب جا رہی ایک ٹاٹا ایس گاڑی کو سرسلہ سے کریم نگر جانے والی آر ٹی سی نان اسٹاپ بس نے عقب سے زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر کے باعث ٹاٹا ایس بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار چار مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ویملواڈہ ایریا اسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گورنمینٹ وہپ و رکن اسمبلی ویملواڈہ آدی سرینواس اور ضلع ایس پی مہیش بی گیتے سرکاری اسپتال پہنچے، زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے علاج کی تفصیلات حاصل کیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔