سرقہ کی واردات پر تفتیش کے دوران پولیس اسٹیشن سے چھلانگ

   

ملزم کا اقدام خودکشی، آصف نگر پولیس اسٹیشن میں سنسنی
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آصف نگر پولیس اسٹیشن میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب سرقہ کی واردات کی تحقیقات کے سلسلہ میں زیر تفتیش مائیگرنٹ ورکر نے پولیس اسٹیشن کی دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 جولائی کو محمد واجد نامی شخص نے آصف نگر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی جس میں بتایا گیا کہ وہ کسی کام کے سلسلہ میں بہار گیا ہوا تھا اور 11 اگسٹ کو واپس لوٹنے پر گودام میں محفوظ رکھے گئے 56 لاکھ روپئے غائب ہوگئے۔ اس سلسلہ میں پولیس آصف نگر نے سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور درخواست گذار کی جانب سے مخصوص طور پر بعض ناموں کا انکشاف کیا گیا تھا۔ شکایت کی بنیاد پر آصف نگر پولیس نے بہار سے تعلق رکھنے والے خالد، سلمان اور دیگر تین افراد کو حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا اور دوسری منزل پر واقع کرائم ٹیم ان کی تفتیش کررہی تھی۔ تحقیقات کے دوران سلمان نامی مائیگرنٹ ورکر نے اچانک پولیس اسٹیشن کی دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی ناکام کوشش کی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس اسٹیشن میں سنسنی پھیل گئی۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس اور دیگر عہدیدار پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کی۔ ڈی سی پی نے میڈیا کو بتایا کہ شبہ کی بنیاد پر سلمان اور اس کے ساتھیوں کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تھا اور اچانک اس نے اپنے دوستوں کی موجودگی میں ہی پولیس اسٹیشن کی عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس معاملہ میں تحقیقات کررہی ہے۔