سرکاری اراضی پر غیرمجاز قبضہ کی کوشش ،نظام آباد ضلع کلکٹر کو اقلیتی قائد اکبرنواز الدین کا مکتوب

   

نظام آباد۔ 21 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائدسارنگ پور ڈویژن نمبر 13 کے انچارج محمد اکبر نواز الدین نے ضلع کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نظام آباد کو ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈویژن نمبر 13خیر مجاز طور پر چند افراد کنال باؤنڈری پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی سی۔ڈبلیو۔سی گودام کے قریب نہر کی حدود سے متصل سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کی کوشش کے معاملے کی جامع تحقیقات کرانے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔اپنے مکتوب میں اکبر نواز الدین نے کہا کہ سی ڈبلیوسی گودام، ڈویژن نمبر 13 کے قریب واقع سرکاری اراضی پر چند غریب افراد سے مقامی کارپوریٹر کی سرپرستی میں قبضہ کرانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ معاشی طور پر کمزور افراد کو زمین کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل معلومات نہیں ہیں اور وہ دوسروں کی یقین دہانیوں پر اعتماد کرتے ہوئے اس اقدام میں شامل ہوئے ہیں جس سے مستقبل میں وہ قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ محکمہ ریوینیو کے ذریعے اس معاملے کی جامع جانچ کرائی جائے۔ اکبر نواز الدین نے مزید اپیل کی کہ محکمہ ریونیو اور بلدیہ کے اشتراک سے مقامی سطح پر عوامی بیداری مہم چلائی جائے تاکہ عوام کو سرکاری اراضی کی قانونی حیثیت، رہائشی پلاٹ حاصل کرنے کے سرکاری طریقہ کار اور غیرقانونی قبضوں کے نتائج سے آگاہ کیا جاسکے۔