سرکاری اسکولس کی محکمہ صحت کی نگرانی میں بلدیہ سے صفائی

   


بلدی انتخابات کے تجربہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے فیصلہ
حیدرآباد۔محکمہ صحت کی نگرانی میں بلدیہ حیدرآباد شہر کے تمام سرکاری اسکولوں میں سینیٹائزیشن کو مکمل کرے گی اور آئندہ 5یوم میں حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام سرکاری اسکولوں کی صفائی کو یقینی بناکر تفصیلی رپورٹ محکمہ صحت کو روانہ کی جائے گی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو رپورٹ روانہ کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے حکومت سے خواہش کی تھی کہ بلدیہ حیدرآباد کے ذریعہ اسکولوں کی کشادگی سے قبل صفائی کو یقینی بنایا جائے اور ہر ہفتہ صفائی کے عمل پر توجہ دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں لیکن حکومت نے محکمہ تعلیم کی درخواست کو محکمہ صحت کو روانہ کرتے ہوئے یہ کہا کہ وہ اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اقدامات کرے ۔ محکمہ صحت نے ضلع واری اساس پر متعلقہ اداروں اور شعبوں کو یہ ہدایات جاری کردی ہیں اور ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی نگرانی میں سرکاری اسکولوں کی صفائی کو یقینی بنایاجائے گا جبکہ شہر میں بلدیہ کے عملہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی صفائی اور سینیٹائزیشن کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ دونوں شہروں کے سرکاری اسکولوں کے ذمہ داروں نے جی ایچ ایم سی سے خواہش کی کہ وہ اتوار کو صفائی مکمل کرنے اقدامات کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جن سرکاری اسکولوں اور کالجس میں مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا جانا تھا ان کی جی ایچ ایم سی کی جانب سے صفائی کی گئی تھی اور تجربہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے فیصلہ کیا کہ بلدیہ کے ذریعہ سرکاری اسکولوں کی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ذرائع کے مطابق شہر کے تمام اسکولوں کی فہرست جی ایچ ایم سی کو روانہ کردی گئی اور آئندہ دو یوم میں تمام سرکاری اسکولو ںکی مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے عملہ کے ذریعہ صفائی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا اور خانگی اسکولوں کی جانب سے بھی ریاستی حکومت کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے سرکاری سطح پر اسکولوں کی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے جس کا ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔