سرکاری تقررات کیلئے امتحانی فیس ختم کردی جائیگی : راہول

   

نئی دہلی 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو لوک سبھا انتخابات میں اقتدار مل جاتا ہے تو سرکاری عہدوں اور تقررات کیلئے امتحانات کی فیس کو ختم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ کانگریس حکومت نگہداشت صحت کے حق کا قانون بھی منظور کریگی جس کے نتیجہ میں ہر شہری کو طبی خدمات کے حصول میں سہولت ہوگی ۔ راہول گاندھی نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے سرکاری تقررات اور امتحانات کیلئے جو درخواستیں داخل کی جاتی ہیں ان کیلئے فیس کو ختم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ نگہداشت صحت بھی ایک اہم شعبہ ہے اور اس کو بھی عوامی فلاح و بہبود سے جوڑنے کی ضرورت ہے ۔ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی کانگریس حکومت کی جانب سے قانون بنایا جائیگا ۔ اس قانون کے ذریعہ عوام کو طبی سہولیات کے حصول میں ہونے والی دشواریوں کا خاتمہ ہوگا اور راحت ملے گی ۔