چیف سکریٹری کا حلفنامہ ، جی او کے الفاظ پر عدالت کو اعتراض
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار کے خلاف توہین عدالت کے مقدمات کی پیروی کے لئے سرکاری خزانہ سے 58 کروڑ کی اجرائی کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ دراصل اراضیات کے حصول کے معاوضہ کی ادائیگی کے لئے 58 کروڑ جاری کئے گئے ہیں لیکن جی او میں اس کا تذکرہ شامل نہیں ہوسکا ۔ عدالت نے کہا کہ جی او کے الفاظ کسی کو بھی گمراہ کرسکتے ہیں۔ جی او کے الفاظ کے بارے میں عدالت نے اپنا اعتراض جتایا ۔ عدالت نے کہا کہ جی او میں ترمیم کرتے ہوئے اراضی حصول کے معاوضہ کی ادائیگی کو شامل کیا جائے ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 13 اگست کو مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے توہین عدالت کے مقدمات کیلئے 58 کروڑ کی اجرائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کی تھی ۔ چیف سکریٹری کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس میں وضاحت کی گئی کہ یہ رقم مقدمات کیلئے نہیں بلکہ اراضی معاوضہ کے طور پر ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل کی وضاحت کے بعد ہائی کورٹ نے جی او کے الفاظ میں تبدیلی کی ہدایت دی ہے۔